Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ 2 کیس؛ بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواستِ ضمانت خارج

عدالت نے توشہ خانہ 2 کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں۔

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پرسماعت اڈیالہ جیل ہوئی۔ ایف آئی اے کی طرف سے پراسیکیوٹر ذوالفقارعباس نقوی اپنی ٹیم کے ساتھ پیش ہوئے۔

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی وکالت بیرسٹر سلمان صفدر نے کی۔

پراسیکیوشن وکیل نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی نے سعودیہ سے ملنے والا 7 کروڑ مالیت کا قیمتی سیٹ 29 لاکھ میں حاصل کیا، نیب نے فارن آفس کے ذریعے سعوریہ سے بلغاری سیٹ کی اصل قیمت حاصل کرلی ہے، اس سیٹ میں نیک لیس، ائیر رنگز، بریسلٹس اور انگوٹھی شامل ہیں۔

وکیل نے دلائل دیے کہ بطور وزیراعظم بانی پی ٹی آئی نے قیمتی سیٹ کی مارکیٹ قیمت 58 لاکھ روپے لگوائی، بانی پی ٹی آئی نے ریاست کو ملنے والے تحفے کو توشہ خانہ میں جمع کرائے بغیر اپنے پاس رکھ لیا۔ بانی پی ٹی آئی نے اپنے آفس سیکرٹری انعام شاہ کے زریعے بلغاری سیٹ کی قیمت لگوائی۔

پراسیکیوشن کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ انعام شاہ اورتوشہ خانے کے اپریزئرنے اس عمل کی تصدیق کردی ہے، بانی پی ٹی آئی اوربشری بی بی کے خلاف کیس ثابت شدہ ہے ضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔

وکیل صفائی سلمان صفدرنے مؤقف اپنایا کہ توشہ خانہ 2 کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے، پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزمات ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں۔ دونوں مقدمات میں ملزمان بھی ایک جیسے ہیں۔

سلمان صفدر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے نیب ترامیم بحالی فیصلے کے بعد اس کیس کو ختم ہونا چاہیے، پہلے نیب سے اسپیشل جج سنٹرل کو کیس منتقل ہوا لیکن بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو ضمانت نہیں ملی، عدالت سے درخواست کرتے ہیں ضمانت منظور کی جائے۔

عدالت نے دونوں فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا، عدالت نے کچھ دیربعد فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی پر 2 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں