لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سینیٹراعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
عدالت نے فریقین کے وکلا کو مزید دلائل کیلئے طلب کرلیا، جسٹس سید شہبازعلی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف اپنایا کہ متعلقہ فوٹیج کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا، تتیمہ بیان کے تحت کیسز میں نامزد کیا گیا، درخواست گزار براہ راست کسی واقعے میں ملوث نہیں۔
وکیل درخواست گزارنے مؤقف پیش کیا کہ ایک ہی واقعے کی متعدد ایف آئی آرز درج کی گئیں، اسستدعا ہے کہ عدالت ناکافی ثبوتوں کی بناء پرضمانت منظور کرے۔
واضح رہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نے اعجاز چوہدری کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی۔
دوسری جانب لاہورہائی کورٹ میں پی ٹی آئی رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت کی درخواست پربھی سماعت ہوئی۔
عدالت نے حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت میں 3 اکتوبر تک توسیع کر دی اورآئندہ سماعت پرفریقین کے وکلا کو مزید دلائل کیلئے طلب کر لیا۔
عدالت نے حافظ فرحت عباس کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کر رکھی ہے۔
جسٹس سید شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ حافظ فرحت عباس نے نو مئی کے دومقدمات میں ضمانت کیلئےعدالت سے رجوع کیا ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت خارج کردی تھی۔




















