Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خاتون کے میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کےاندراج کیخلاف درخواست پرنادرا سےجواب طلب

لاہور ہائی کورٹ نے خاتون کی غیر موجودگی میں میرج رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کےاندراج کیخلاف درخواست پرڈی جی نادرا سے جواب طلب کر لیا۔

لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس عابد عزیز شیخ نے درخواست پر سماعت کی جبکہ درخواست گزار شازیہ خورشید کی جانب سے بیرسٹر ردا نور نے دلائل دیے۔

درخواست گزار خاتون کی جانب سے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ ہمارے معاشرے میں بڑی تعداد میں جعلی نکاح ناموں کی شکایات موصول ہوتی ہیں، خاتون کے نکاح میں رضا مندی اور دستخط بھی دو گواہان کی موجودگی میں ہوتے ہیں۔

وکیل درخواست گزارنے مؤقف اختیارکیا کہ نادرا میں نکاح رجسٹرہونے پرنہ تو خاتون موجود ہوتی ہے اور نہ ہی اس کا کوئی وکیل، نکاح ناموں کے غلط اندراج کو روکنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

متاثرہ خاتون کی جانب سے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ نکاح نامہ کی رجسٹریشن کے وقت خاتون یا اس کے وکیل کی موجودگی کو لازمی قرار دیا جائے۔

لاہور ہائی کورٹ نے دلائل سننے کے بعد ڈی جی نادرا سے جواب طلب کرلیا۔

متعلقہ خبریں