Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ ہائیکورٹ نے شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی

تفتیشی افسرنے عدالت کو بتایا کہ سچل کےعلاقے سے لاپتہ شہری کسی مقدمے میں گرفتار ہے، اس کے ساتھ ہی عدالت نےشہری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔ 

تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران شہری کی والدہ نے عدالت کو بتایا کہ میرا بیٹا سمیر آفریدی 2015 سے لاپتہ ہے اب تک کوئی معلومات نہیں ملی ہیں، 9 سال سے عدالتوں اور پولیس اسٹیشنز کے دھکے کھا رہے ہیں، اب تک ہمیں انصاف نہیں ملا۔

شہری کی والدہ نےکہا کہ عدالتوں سے کوئی انصاف نہیں ہوتا تو عدالتیں بند کردیں، میرا بیٹا گھر کا سربراہ تھا، 2015 میں اسے قانون نافذ کرنے والے ادارے لے کر گئے تھے۔

عدالت نے تفتیشی افسرسے استفسارکیا کہ شہری کی بازیابی کے لئے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟ تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ متعدد جے آئی ٹی اجلاس اور صوبائی ٹاسک فورس اجلاس ہوچکے ہیں، شہری کی جبری گمشدگی کا تعین ہوچکا ہے اورمالی معاونت کی سمری بھی منظور ہوچکی ہے۔

درخواست گزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہری کی والدہ کے نام بینک اکاؤنٹ ہے لیکن کہا جارہا ہے کہ شہری کی اہلیہ کے نام پردیے جائیں گے، اس پرعدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق شہری کی اہلیہ اوربچے ہیں تو اس کی اہلیہ کو ہی معاوضہ دیا جائے گا۔

تفتیشی افسرنے کہا کہ سچل کے علاقے سے لاپتہ شہری کسی مقدمے میں گرفتار ہے، اس کے ساتھ ہی عدالت نےشہری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔

سندھ ہائی کورٹ نے دیگر شہریوں سے متعلق ایف آئی اے سے ٹریول ہسٹری حاصل کر کے پیش کرنے اورملک بھرکے حراستی مراکز سے بھی رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لئے ملتوی کردی۔

متعلقہ خبریں