سندھ ہائی کورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت کے دوران عدالت نے وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے جبری گمشدگیوں کے تعین سے متعلق میکنزم طلب کرلیا۔
سماعت کے دوران والدہ نے عدالت کو بتایا کہ ایئرپورٹ کے قریب سے معاذ اور طلحہ 2014 سے لاپتہ ہیں، سرکاری وکیل نے کہا کہ شہریوں کی بازیابی کے لئے 41 جے آئی ٹی اور 17 پی ٹی ایف اجلاس ہوچکے ہیں۔
جسٹس صلاح الدین پہنورنے کہا کہ جے آئی ٹی نے تو کہا تھا کہ ہمارے ملک میں چائلڈ اور ہیومین ٹریفکنگ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، غیرملکیوں کے بتانے پر صارم برنی کا معاملہ سامنے آیا۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ دونوں بھائیوں کی جبری گمشدگی کا تعین ہوچکا ہے، اس پرعدالت نے پوچھا کہ جبری گمشدگی کا مطلب کیا ہے؟ وکیل رینجرزنے جواب دیا کہ لاپتہ شہریوں کے لئے درجہ بندی کی گئی ہے، اگرکوئی عینی شاہد ہوتا ہے تو وہ کیس جبری گمشدگی کے درجے میں آتا ہے، اگر کوئی عینی شاہد نہیں تو وہ کیس از خود لاپتہ کی کیٹیگری میں آتا ہے۔
عدالت نے استفسارکیا کہ جبری گمشدگی کے تعین کا کوئی مکینزم ہے؟ اگرپالیسی نہیں ہے تو بنائیں، صرف الزامات کی بنیاد پرتعین کیسے کرسکتے ہیں؟ رپورٹ میں جبری گمشدگی سے قبل مبینہ طور پر لکھا گیا ہے یا نہیں؟
وکیل نے جواب دیا کہ رپورٹ میں مبینہ کا لفظ نہیں لکھا ہے، اس پر جسٹس صلاح الدین پنہورنے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ نے تسلیم کیا ہے، جس ادارے نے کیٹیگریزبنائیں ان کو پالیسی بتانا چاہیئے تھی، وفاق اور سندھ حکومت بتائیں پالیسی کب بنے گی؟ اگرجے آئی ٹی جبری گمشدگی کا تعین کررہی ہے اسکا مطلب یہ ہے کہ وہ ذمہ دار ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اتنے اجلاس ہوئے اتنی موٹی فائل بن گئی ہے، کیا فائدہ ہے؟ بچوں اور لڑکیوں کی گمشدگیاں بھی لاپتہ افراد کے کیسز میں آتے ہیں، تب ہی ہم کہہ رہے ہیں لاپتہ افراد سے متعلق کیٹگریزبنائیں تاکہ ہمیں بھی سمجھنے میں آسانی ہو۔
سندھ ہائی کورٹ نے وفاقی اورصوبائی حکومتوں سے جبری گمشدگیوں سے متعلق میکنزم طلب کرتے ہوئے کہا کہ اگرجبری گمشدگی کا کیس ہے تو اس کی ذمہ داری کس پرعائد ہوگی؟ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے قابل افسران، ایف آئی اے افسران پرمشتمل کمیٹی تشکیل دے کر پالیسی بنائی جائے، کمیٹی میں دو ماہ اپنا کام مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔
عدالت نے محکمہ داخلہ اور وفاقی حکومت کو عدالتی حکم نامے کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 2 ہفتوں کے لیے ملتوی کردی۔




















