Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آبادمیں احتجاج؛ پی ٹی آئی کو توہینِ عدالت کیس میں نوٹس جاری، جواب طلب

عدالت نے اسلام آباد میں احتجاج پرپی ٹی آئی کو توہینِ عدالت کیس میں نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی میں پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے معاملے پرتوہینِ عدالت کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی کو نوٹس جاری کر کے آئندہ ہفتے جواب طلب کر لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر، ڈپٹی کمشنر اور آئی جی اسلام آباد کو بھی نوٹس جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔ اسلام آباد ایف سیون کے تاجروں کی جانب سے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

تاجروں کی جانب سے درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود ہزاروں مظاہرین اسلام آباد میں داخل ہوئے اورنظام مفلوج کر کے رکھ دیا۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ کے پی سے آئے مظاہرین بزورِ طاقت بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا مطالبہ لے کر آئے تھے، حکومت اور انتظامیہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔

تاجروں کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم پرعدم عملدرآمد پر تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔

متعلقہ خبریں