Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بلٹ پروف کافی صحت کے لیے مفید یا مضر، ماہرین کیا کہتے ہیں؟

دور جدید میں جس طرح سائنس نے نت نئی ایجادات کی ہیں اور زندگی کو آسان بنادیا ہے اسی طرح صحت کے میدان میں بھی تحقیق کے نتیجے میں کافی پیش رفت ہوئی اور مختلف اجزاء کے ملاپ سے غذا کی افادیت کو مزید بڑھایا گیا ہے اسی میں کافی بھی شامل ہے۔

فی زمانہ بلٹ پروف کافی کی اصطلاح کافی مشہور ہورہی ہے جس میں کافی کے ساتھ کچھ صحت بخش چکنائیاں شامل کی جاتی ہیں تاکہ اس کی غذائیت اور توانائی کے معیارکو مزید بڑھایا جاسکے۔

بلٹ پروف کافی کے لیے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ یہ نہ صرف وزن میں کمی کے لیے ایک سپر ڈرنک کا کام کرتی ہے بلکہ آپ کی صحت کو بھی بہتربناتی ہے۔

یہ بات تو سب ہی جانتے ہیں کافی اپنی کیفین کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی کافی میں موجود یہ جز نیند سے جگانے اور ارتکاز بڑھانے کے لیے جانا جاتا ہے۔

امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق کافی میں موجود کیفین میٹابولک سرگرمیوں کو تیز کرتی ہے، جس سے بھوک کم ہوتی ہے اور وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ کافی ایک قدرتی تھرموجینک ہے، یعنی یہ آپ کے میٹابولزم کی رفتار کو بڑھا سکتی ہے، توانائی کے لیے کیلوریز کے استعمال کو فروغ دیتی ہے۔ تاہم یہاں یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کافی کے وزن میں کمی کے فوائد اسی صورت میں حاصل ہوسکتے ہیں جب اس کا استعمال اعتدال میں کیا جائے، اور ساتھ ہی اس میں چینی اور زیادہ کیلوریز والی اشیاء کی آمیزش نہ کی جائے۔

تاہم بلٹ پروف کافی ایک نئی اختراع ہے جس میں تین ضروری اجزاء کو یکجا کیا جاتا ہے، پہلا جز اعلیٰ معیار کی کافی، دوسرا مکھن، جبکہ تیسرا درمیانے درجے کا ٹرائگلیسرائی تیل ہے۔ اس کافی کی ترکیب کے پیچھے جو خیال پیش کیا گیا ہے اس کے مطابق ان اجزاء کا ملاپ بہتر توجہ، دن بھر توانائی کو برقرار رکھنے اور وزن میں کمی کے لیے موزوں ترین ہے۔

بہت سے لوگ مکھن کی جگہ دیگر صحت بخش چکنائی جیسے ناریل کے تیل اور گھی یا دیسی مکھن سے بلٹ پروف کافی تیار کرتے ہیں جو وہی نتائج فراہم کرتی ہیں۔

یہ کافی کس طرح وزن کو کم کرتی ہے تو ماہرین کے مطابق ان تین اجزاء کا امتزاج آپ کو دن بھر توانائی فراہم کرتا ہے اس طرح آپ سستی سے بچے رہتے ہیں اور وزن کم کرنے والے غذائی پلان پر عمل کرنا زیادہ آسان ہوجاتا ہے چونکہ اس کافی میں صحت بخش چکنائی شامل کی جاتی ہے تو یہ آپ کو بے وقت کی بھوک سے بچاتی ہےاور میٹابولزم کو بڑھاتی ہے۔

بلٹ پروف کافی کے فوائد

اس میں ایم ٹی سی یعنی میڈیم چین ٹرائیگلیسرائیڈ کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، مکھن اور ناریل کے تیل میں پائی جانے والی چکنائی  جگر کے ذریعے میٹابولائز کیے بغیر براہ راست خون میں داخل ہوتی ہے۔ یہ آپ کی بھوک اور کھانے کی طلب کو کنٹرول کرتی ہے پیٹ بھرے کا احساس پیدا کرتی ہے۔

آپ اسے ہفتے میں ایک بار وزن کم کرنے کے لیے ناشتے کے بجائے کھانے کے متبادل کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں۔

 یہ ورزش سے پہلے کا ایک مثالی مشروب ہے کیونکہ یہ قوت برداشت میں اضافہ کرتا ہے اور آپ کو زیادہ کیلوریز جلانے میں مدد کرتا ہے۔

جبکہ اس میں نہایت قلیل مقدار میں وٹامن اے، ڈی اور ای ہوتا ہے۔

بلٹ پروف کافی کے نقصانات

بلٹ پروف کافی میں مکھن اور ایم سی ٹی آئل کی وجہ سے اس کی کیلوریز زیادہ ہو سکتی ہیں۔ اگرچہ یہ کیلوریز صحت مند چکنائیوں پر مشتمل ہے تاہم اسے روزانہ تجویز کردہ کیلوری کی مقدار میں ہونا چاہیے۔

 اگر آپ پہلے سے ہی زیادہ چکنائی والی غذا استعمال کر رہے ہیں تو ایسی صورت میں اس کافی کا استعمال جسم میں چربی جمع کر کے وزن کو بڑھا سکتاہے۔

اگرچہ بلٹ پروف کافی چکنائی اور کیفین فراہم کرتی ہے، لیکن اس میں ضروری غذائی اجزاء کی کمی ہوتی ہے۔ اسی لیے اسے متوازن غذا کا حصہ ہونا چاہیے، مکمل کھانے کا متبادل نہیں۔

وزن میں کمی کے لیے بلٹ پروف کافی کو اگر اچھی اور متوازن خوراک اور صحت مند طرز زندگی کے ساتھ استعمال کیا جائے تو بھوک پر قابو پانے، میٹابولزم بڑھانے، اور دیرپا توانائی کے لحاظ سے فوائد پیش کر سکتی ہے۔ تاہم، یہ وزن کم کرنے کے لیے کوئی جادوئی گولی نہیں ہے اور اسے اعتدال میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں​