یہ حیران کن خبر جاپان سے آئی ہے جہاں ایک شخص نے 10000 ین کا نوٹ غلطی سے کاغذ کاٹنے والی مشین میں ڈال دیا تھا تاہم اس کے بیٹے نے اس نوٹ کے ٹکڑوں کو ایک پزل کی طرح تین ہفتوں میں جوڑ کر سب کو حیران کر دیا۔
واضح رہے کہ جاپان میں ایک شخص نے دفتر میں موجود ردی کے ساتھ غلطی سے ایک ایسا لفافہ بھی کاغذ کاٹنے والی مشین میں ڈال دیا جس میں انہوں کچھ مہینوں پہلے 10000 ین کو نوٹ رکھا تھا تاہم جب انہیں یاد آیا اس وقت تک نوٹ کے نہ صرف سیکڑوں ٹکڑے ہوچکے تھے بلکہ یہ پھٹا ہوا نوٹ ہزاروں کاغذ کے ٹکڑوں میں شامل ہوگیا تھا جسے نکالنا اور پھر ان نوٹ کے ٹکڑوں کوجوڑنا گویا جوئے شیر لانے سے کم نہ تھا۔

تاہم یہ شخص کاغذ کے اس ڈھیر کو گھر لے آیا اور اپنے بیٹے ٹومو سے کہا کہ اگر وہ اس کاغذ کے ڈھیر سے نوٹ نکالنے میں کامیاب ہوجاتا ہے اور اسے جوڑ لیتا ہے تو یہ نوٹ اس کا ہوا۔
ٹومو جو کہ پزل بنانے کا شوق رکھتا ہے اس نے اسے اپنی زندگی کا سب سے بڑا چیلنج سمجھ کر اسے قبول کرلیا، ٹومو نے فروری کے وسط میں کاغذ کے دوسرے ٹکڑوں سے نوٹ کے ٹکڑوں کو چھانٹ کر علحیدہ کرنا شروع کیا، پھر اس نے 10000 ین کا ایک اور نوٹ اپنے سامنے رکھا اور نوٹ کے ان ٹکڑوں کو ین کے نوٹ کے اوپر رکھ کر ایک پزل کی طرح جوڑنا شروع کیا، 21 مارچ کو، ٹومو نے جزوی طور پرجڑے ہوئے نوٹ کی ایک تصویر شیئر کی، نوٹ کے اس پزل کو جوڑنے میں انہیں تین ہفتے لگ گئے۔ بالآخر وہ نوٹ کو کسی حد تک جوڑنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس طرح اس نے نوٹ کو جوڑ کر اپنی زندگی کا مشکل ترین پزل حل کرلیا۔

اب معاملہ اس نوٹ کو بینک میں پیش کر کے ایک نیا نوٹ حاصل کرنے کا تھا، واضح رہے کہ جاپان میں نوٹ کی تبدیلی کے لیے ایک خاص پالیسی ہے جس کے مطابق اگر کوئی بھی شخص بینک کو نوٹ کا 2/3 سے زیادہ حصہ دیتا ہے تو ایسی صورت میں اسے پوری قیمت دی جاتی ہے لیکن اگر نوٹ کا 2/5 اور 2/3 کے درمیان ہوتا ہے اسے اس نوٹ کی نصف قیمت پر تبدیل کیا جا سکتا ہے، اور اگر کوئی شخص بینک کو نوٹ کا 2/5 سے کم حصہ واپس کرتا ہے تو اسے تبدیل نہیں کیا جاتا۔

اس کے علاوہ تمام ٹکڑوں کا تعلق ایک ہی بینک کے نوٹ سے ہونا ضروری ہے اور اس پر لکھے ہوئے نمبر بھی واضح ہونے چاہئے۔
ٹومو گزشتہ ماہ کے آخر میں اس نوٹ کو لے کر بینک آف جاپان گیا جہاں اس نوٹ کا معائنہ کیا گیا پھر اسے اسی قیمت کا یعنی 10000 ین کا نیا نوٹ دے دیا گیا۔
ٹومو کا کارنامہ ٹوئٹر پر کافی مقبول ہورہا ہے جبکہ بہت سے صارفین نے ٹومو کے صبر اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے اسے مزید انعام سے نوازنے کا کہا ہے۔




















