لوکی جسے انگریزی میں “Bottle Gourd” کہا جاتا ہے، یہ ایک انتہائی صحت بخش سبزی ہے، جو پاکستان سمیت دنیا بھر میں شوق سے کھائی جاتی ہے، یہی نہیں بلکہ اس کا رس بھی صحت کے کئی مسائل کو حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
لوکی میں وٹامن سی کی کثیر مقدار میں موجود ہوتی ہے، اس کے علاوہ اس میں زنک، آئرن اور تھائیمن بھی پائے جاتے ہیں۔
لوکی ذیابیطس میں مبتلا مریضوں کے لیے کسی مسیحا سے کم نہیں، یہ خون میں شوگر کی سطح کو توازن میں رکھنے میں اپنی مثال نہیں رکھتی، یہاں پر اس صحت بخش سبزی کے چند حیرت انگیز فوائد پیش کیے جارہے ہیں۔
وزن کو کم کرنے میں مفید
لوکی میں کیلوریز کم اور پانی کی مقدارزیادہ ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ وزن کم کرنے کے لئے بہت مفید ہے۔ اس میں موجود فائبر آپ کو لمبے عرصے تک سیر رکھتا ہے، جس کی وجہ سے آپ میں کھانے کی خواہش کم جنم لیتی ہے۔
بہتر ہاضمہ
لوکی میں موجود فائبر کی زائد مقدار نظامِ انہضام کو بہتر بناتی ہے۔ یہ قبض، بدہضمی اور گیس کی شکایات کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے۔ اس کا باقاعدگی سے استعمال معدے کو صاف اور صحت مند رکھتا ہے۔
صاف خون
لوکی خون کو صاف کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے، اس میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور وٹامنز خون کو صاف کرتے ہیں اور جسم کے زہریلے مواد کو خارج کرتے ہیں، جس سے جلد کی صحت میں بھی بہتری آتی ہے۔
دل کی صحت
اس سبزی کا باقاعدگی سے استعمال دل کی صحت کے لئے بھی فائدے مند ہے۔ اس میں موجود پوٹاشیم اور وٹامن C دل کی بیماریوں کے خطرے کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ خون کی گردش کو بہتر بناتی ہے اور بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھتی ہے۔
ہائیڈریٹ رکھتی ہے
لوکی میں پانی کی کثیر مقدار ہونے کی وجہ سے یہ جسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہے۔ گرمیوں میں اس سبزی کا استعمال آپ کو ٹھنڈک پہنچاتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی کو پورا کرتا ہے۔
بیماریوں سے تحفظ
لوکی میں موجود وٹامنز اور معدنیات، جیسے وٹامن A اور سی، مختلف امراض کی روک تھام میں مدد فراہم کرتے ہیں، جبکہ یہ قوت مدافعت بڑھا کر جسم کو بیماریوں سے بچاتی ہے۔




















