چاول دنیا بھر میں سب سے زیادہ کھایا جانے والاغذائیت سے بھرپور اور سستا اناج ہے لیکن اگر آپ دنیا کے بہترین چاول کی اقسام تلاش کر رہے ہیں تو کِنمِمائی پریمیم آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔
یہ جاپان کی ٹویو رائس کارپوریشن کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے اور اس میں پانچ مختلف انعام یافتہ جاپانی چاول کی اقسام شامل ہیں۔ اسے خاص ٹیکنالوجی کے ذریعے چھ ماہ تک اس کے ذائقے کو بہتر بنایا ہے۔ کِنمِمائی پریمیم چاول کی غذائیت روایتی چاول کی نسب بہت زیادہ بہتر ہوتی ہے، اور اس کا ذائقہ بھی نٹ دار ہوتا ہے۔ اس کے دانے ایک خاص چمک لیے ہوتے ہیں کیونکہ انہیں الگ پولشنگ پروسیس کے ذریعے چمکایا جاتا ہے۔
کِنمِمائی پریمیم غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں، جس میں روایتی سفید چاول کے مقابلے میں 6 گنا زیادہ لیپوپالی ساکرائڈز (LPS) شامل ہے، جو کہ قدرتی طور پر قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں 1.8 گنا زیادہ فائبر اور سات گنا زیادہ وٹامن B1 بھی موجود ہوتا ہے۔ اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے دھونے کی ضرورت نہیں ہوتی، جبکہ اس چاول کی ایک منفرد خوشبو اور ذائقہ میٹھا ہوتا ہے۔

کِنمِمائی پریمیم میں مشہور چاولوں کی اقسام شامل ہیں، جبکہ اسے ٹویو کارپوریشن کے ماہرین ہاتھ سے چنتے ہیں اور کسانوں کو صرف بہترین دانوں کے لیے معمول کے نرخ سے آٹھ گنا زیادہ قیمت ادا کرتے ہیں، جو کہ اس کی بلند قیمت ہونے کا ایک سبب ہے۔
ان تمام خصوصیات کی بنا پر اسے “دنیا کا بہترین چاول” قرار دیا جاتا ہے اور یہ 140 گرام کے پیکٹس میں فروخت ہوتا ہے، جس کی قیمت تقریباً 120 ڈالر فی کلوگرام ہے۔ یہ 2016 میں ‘سب سے مہنگے چاول’ کا عالمی ریکارڈ قائم کر چکا ہے، تاہم مہنگائی نے اس کی قیمت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ پہلے یہ صرف جاپانی مارکیٹ میں دستیاب تھا، لیکن اب یہ سنگاپور میں بھی فروخت ہورہا ہے۔




















