وزیراعظم شہباز شریف 12 سے 13 جنوری تک یو اے ای کا دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر وزیراعظم شہباز شریف 12 سے 13 جنوری تک یو اے ای کا دورہ کریں گے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کا یو اے ای کا یہ تیسرا دورہ ہوگا اور وزیراعظم کے ہمراہ کابینہ کے اہم ارکان سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کریں گے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعلقات کے فروغ اور پاکستانی افرادی قوت سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے۔
یہ بھی پڑھیں؛ وزیرِ اعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر جینیوا پہنچ گئے
دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم متحدہ عرب امارات کے وزیر اعظم، نائب صدر اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم اماراتی تاجروں اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔



















