Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

2023 بدحالی کے خاتمے اور خوشحالی کا سال ہے، فاروق ستار

فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم سب ایک ہوچکے ہیں اور انشاء اللہ 2023 بدحالی کے خاتمے اور خوشحالی کا سال ہے۔

الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاج کے دوران فاروق ستار نے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مظاہرہ یکجہتی کے اظہار کا مظاہرہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری میں ہمارے ساتھ ہمیشہ ظلم ہوا لیکن ہم نے صبر کیا اور پھر بلدیاتی وسائل ضم کرنے کی صورت میں ہمیں ایک پاکستانی شہری ہونے کا حق نہیں دیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم، پی ایس پی اور فاروق ستار کا بلدیاتی انتخابات میں بھرپور تیاری کے ساتھ اترنے کا فیصلہ

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہری جن کی اکثریت مہاجروں کی ہے ان سب کو سیاسی انتخابی عمل سے باہر کردیا گیا ہے لیکن آج کا یہ مظاہرہ سال 2023 میں جس سفر کا آغاز ہے وہ 2022 کی مایوسی، ببسی، یتیمی، لاوارثی اور  عدم تحظ کو پیچھے چھوڑ کر امید کی بحالی کے سفر کا آغاز ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمیں ووٹ دینے کے حق سے روکا گیا ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن سے پہلے  ہی دھاندلی ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور پیپلزپارٹی کا گٹھ جوڑسامنےآچکا جس کے تحت ایک جماعت کا میئر اور دوسری کا ڈپٹی میئرہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پیپلزپارٹی کے ان  عزائم کا مظہر ہے کہ کراچی کو سندھ کے وڈیروں اور جاگیرداروں کی کالونی بنانا ہے، یہاں اپنے قبضے اور تسلط کو مکمل کرنا ہے لیکن آج کا یہ مظاہرہ اس بات کی دلیل ہے کہ ہم ایسا ہرگز نہیں ہونے دیں گے۔

ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا خطاب

اس موقع پر ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو ریاست مردم شماری نہیں کرسکتی وہ مردم شناسی کیسے کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مردم شماری میں ہمارے لوگوں کو آدھا گنا اور پھر جعلی ووٹر لسٹ میں پھر آدھا کردیا، الیکشن کمیشن جواب دے کہ غیر قانونی حلقہ بندیاں کیسے ہوئیں؟

انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنی حق نمائندگی کو ہر حالت میں قائم رکھنے کےلیے سڑکوں پر آئے ہیں،ہم چاہتے ہیں ایک دو روز میں اگر آپ نے فیصلے کرلیے تو ہم آپ کے ساتھ بیٹھیں گے لیکن ایسا نہ ہوا تو اپنے فیصلوں کے لیے آزاد ہیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ احتجاج وزیر اعظم صاحب تمام لوگوں کے لیے وارننگ ہے، اپنی قوم کےلیے ہم ملکر آپ کو وارننگ دے رہے ہیں ، آپ بتا دیں مہاجر قوم آپ کی ذمہ داری ہے یا نہیں ہے ۔

یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کے احتجاج کا معاملہ، الیکشن کمیشن کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات

متعلقہ خبریں