Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکی ویزا کے حامل پاکستانیوں کو انٹرویو سے چُھوٹ میں توسیع

امریکی ویزا کے حامل پاکستانیوں کو انٹرویو سے چُھوٹ میں توسیع کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق امریکی سفارتخانہ و امریکی قونصلیٹ کراچی  نے امریکی ویزوں کی تجدید کے لیے پاکستانیوں کی اہلیت میں مزید توسیع کر دی ۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ  کا کہنا ہے کہ توسیع امریکی بی ون بی ٹو سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے لیے پاکستانیوں کی اہلیت میں کی گئی۔

مزید پڑھیں: سفیر کی تعیناتی سے پاک امریکہ تعلقات میں مزید بہتری آئے گی، امریکی سفارتخانہ

ترجمان امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ  وہ پاکستانی جن کے پاس امریکہ کا درست اورقابل قبول بی ون بی ٹو ویزا موجود ہے   اس پروگرام میں شرکت کے اہل ہیں۔   وہ پاکستانی جن کے درست اور قابل قبول بی ون بی ٹو ویزے کی مدت گزشتہ 48 مہینوں کے دوران ختم ہو گئی ہے تو وہ بھی اہل  ہیں۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ مزید کہنا ہے کہ   ماضی میں صرف 45 برس یا اس سے زیادہ عمر کے پاکستانی شہری اس پروگرام سے مستفید ہوسکتے تھے۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ کے مطابق اسٹوڈنٹ ویزا اور پٹیشن کی بنیاد پر کام  کے ویزا کے ایسے درخواست گزار جن کے پاس پہلے امریکی ویزا موجود تھا وہ  بھی ویزا انٹرویو سے  استثنیٰ کے اہل  ہوں گے۔ اُن کے لیے یہ سہولت  2023 میں بھی جاری رہے گی۔

مزید پڑھیں: طلبہ کیلئے امریکی ویزا سروس بحال کرنے کا اعلان

ترجمان امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ  ویزا انٹرویو سے استثنیٰ میں توسیع کا مقصد صارفین کے لیے خدمات کی فراہمی میں بہتری ہے۔ اس کا ایک اور مقصد اہل پاکستانی شہریوں کے سیاحتی اور کاروباری ویزوں کی تجدید کے عمل کو مؤثر بنانا ہے۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ کا مزید کہنا ہے کہ  ویزا رکھنے والے بعض اہل شہریوں کو درخواست جمع کرانے کے بعد امریکی  قانون کے تقاضوں کے تحت امریکی سفارتخانہ یا  قونصل خانہ میں انٹرویو کے لیے  پیش ہونا پڑ سکتا ہے۔ درخواست گزار ویزا انٹرویو سے استثنیٰ کی اہلیت کے تعین کے لیے سفارت خانے  کی ویب سائٹ ملاحظہ کر سکتے ہیں۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ  ایسے امیدوار جن کو اب استثنیٰ حاصل ہے مگر جو پہلے ہی انٹرویو کے لیے تاریخ متعین کر چکے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ آن لائن اپنی پیشگی  اپائنٹمنٹ منسوخ کروائیں۔ یہ امیدوار ازسر نو  نئی درخواست  سے ابتدا کرتے ہوئے انٹرویو سے استثنیٰ کے آن لائن مراحل پر عمل کریں۔

ترجمان امریکی سفارتخانہ کا کہنا ہے کہ  انٹرویو سے مستثنیٰ درخواستوں کے سلسلے  میں مجاز کوریئر سروسز کی فہرستیں موجود ہیں۔ ویزوں کی تجدید کے عمل کی تکمیل میں اوسطاً چار ہفتے لگ سکتے  ہیں۔

متعلقہ خبریں