Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

یو اے ای کا دورہ دوستی کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یو اے ای کا دورہ دوستی کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا ۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم محمّد شہباز شریف سے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انھیں یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ پاکستانی بزنس مین اپنی محنت اور تجربے کو بروے کار لاتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں اپنا اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کا پاکستان 2ارب ڈالر کے قرضے میں توسیع اور مزید ایک ارب ڈالر دینے کا اعلان

وزیراعظم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے انکی ملاقاتیں کامیاب رہیں ہیں، یہ دورہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کو اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلنے میں مدد دے گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے کہا کہ جنیوا کانفرنس میں عالمی برادری نے توقع سے بڑھ کر اعلانات کیے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان بزنس کونسل متحدہ عرب امارات کے وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں توانائی , رئیل اسٹیٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، متبادل توانائی، فوڈ پراسیسنگ، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں اور بزنس مین کو تمام تر سہولیات دینے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے وفد کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تجاویز کے ساتھ پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جبکہ  وفد نے حکومتی معاشی پالیسیز پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار, وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر, وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خزانہ سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات، تجارتی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان  سے ملاقات ہوئی تھی۔

اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر نے 2 بلین امریکی ڈالر کے موجودہ قرضے کو رول اوور کرنے اور 1 بلین امریکی ڈالر کا اضافی قرضہ فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔

اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید نے وزیراعظم نواز شریف کا ابوظہبی میں خیرمقدم کیا اور پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی خواہش کی۔

متحدہ عرب امارات کے صدر نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے گرانقدر تعاون کی تعریف کی اور وزیراعظم نے برادر ملک میں مدعو کرنے پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا، اور خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقے اور ذرائع تلاش کیے۔

متعلقہ خبریں