وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے 3 ناموں پر ہمارا اتفاق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے زمان پارک میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے نگران وزیر اعلیٰ کے ناموں پر مشاورت ہوئی ہے، ہم نے گورنر پنجاب کو نگران وزیر اعلیٰ کیلئے تین نام دینے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سے مشاورت کے بعد نگران وزیر اعلیٰ کے لئے تین نام احمد نواز سکھیرا، نصیر احمد خان، ناصر سعید کھوسہ پر اتفاق کیا گیا ہے اور ہم یہ تینوں نام نگران وزیر اعلیٰ کیلئے گورنر کو بھجوا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کھلے دل سے سوچے تو ان میں سے ایک نام پر اتفاق ہوتا ہوا نظر آرہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل پارٹی کے عہدیداروں کی میٹنگ بلائی ہے، سینیٹر کامل علی آغا بھی شرکت کریں اور اس میٹنگ میں اہم مشاورت کی جائے گی۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ن لیگ کا رونا دھونا چل رہا ہے، ان کی شامت آنے والی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو اب نیند کی گولیوں سے بھی نیند نہیں آنی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ والوں کی شکلیں دیکھیں، یہ گھبرائے ہوئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم والے چلے ہوئے کارتوس ہیں۔
اس موقع پر ایم این اے حسین الٰہی اور حافظ فرحت عباس بھی موجود تھے۔



















