Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاک فضائیہ کے دو ایئر افسران کی ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی

حکومت پاکستان کی پاک فضائیہ کے دو ایئر افسران ایئر وائس مارشل عبدالمعید خان اور ایئر وائس مارشل غلام عباس گھمن کو ایئر مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ایئر مارشل عبدالمعید خان نے دسمبر 1989ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا جبکہ ائیر مارشل عبدالمعید خان نے فائیٹر اسکواڈرن، ملٹری ٹریننگ ونگ پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان اور کمبیٹ کمانڈرز سکول مصحف کی کمانڈ بھی کی۔

 ایئر مارشل عبدالمعید خان کالج آف فلائنگ ٹریننگ میں بطور کمانڈنٹ اور اسسٹنٹ چیف آف دی ایئر سٹاف (پلانز) کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں جبکہ ائیر مارشل عبدالمعید نے ڈائریکٹر جنرل سیکورٹی، ڈائریکٹر جنرل (ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن)، ایئر آفیسر کمانڈنگ ناردرن ائیر کمانڈ اور ڈی جی ائیر آپریشنز کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دیے ہیں۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ ایئر مارشل عبدالمعید ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف ائیر اسٹاف (ایئر ڈیفنس) کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ وہ سکول، ایئر وار کالج کراچی اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں اور الاباما امریکہ سے ایئر وار کالج کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔

ایئر مارشل عبدالمعید خان  نے اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ماسٹرز اور وار اسٹڈیز میں بیچلرز کی ڈگریاں حاصل کیں۔

ایئر مارشل عبدالمعید ستارہ امتیاز (ملٹری) کے وصول کنندہ بھی ہیں۔

ایئر مارشل غلام عباس گھمن نے جون 1990ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی (پی) برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔

ایئر مارشل غلام عباس گھمن نے فائٹر سکواڈرن، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی بھی کی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ ایئر مارشل غلام عباس نے ایئر ہیڈ کوارٹرز، پشاور میں ڈائریکٹر ہیومن ریسورس انڈکشن کے طور پر کام کیا اور ترکی میں ڈیفنس اور ایئر اتاشی کے عہدے پر فائز رہے جبکہ انہوں نے بطور ڈائریکٹر اور پلانز ایئر آفیسر کمانڈنگ سدرن ائیر کمانڈ کے طور پر بھی اپنے فرائض سرانجام دیئے ہیں۔

ایئر مارشل غلام عباس گھمن ائیر ہیڈ کوارٹرز، اسلام آباد میں ڈپٹی چیف آف دی ائیر اسٹاف نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کے طور پر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اور انہیں کو ڈی جی سی فور آئی  کی اضافی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے۔

ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ ایئر مارشل غلام عباس گھمن کمبیٹ کمانڈرز سکول اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں اور انہوں نے جرمنی سے جرمن جنرل اسٹاف کورس جبکہ امریکہ سے ایگزیکٹو لیڈرشپ کورس بھی کیا ہے۔

ایئر مارشل غلام عباس نے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار اسٹڈیز اور اسٹریٹجک اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں اور وہ ستارہ امتیاز (ملٹری) اور تمغہ بسالت کے بھی وصول کنندہ ہیں۔

متعلقہ خبریں