Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کی متفرق درخواست کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی

اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ نااہلی فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی متفرق درخواست کی سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی فیصلے کے خلاف دائر پٹیشن واپس لینے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت میں بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیے کہ یہ معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں بھی زیر التوا ہے اس لیے پٹیشن واپس لینا چاہتے ہیں۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ فریقین کو کچھ اعتراضات ہیں، ان کو سنیں گے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے مزید کہا کہ آج صرف پٹیشن واپسی کی متفرق درخواست سماعت کے لیے فکس ہے، آپ کی مرکزی پٹیشن 25 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر ہے،  فریقین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا، آئندہ سماعت پر وہ بھی ہوں گے، آپ کو اسی روز سن کر پٹیشن واپسی کی درخواست پر فیصلہ کریں گے۔

بعدازاں عدالت نے متفرق درخواست پر 25 جنوری کے لئے فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

گزشتہ روز عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اپنی پٹیشن واپس لینے کے لیے درخواست دائر کردی۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن کے آرڈر کی قانونی حیثیت لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج ہے، جابر عباس نامی شہری نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ میں معاملہ زیر التوا ہونے پر درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کی جائے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ ریفرنس کیس میں عمران خان نے نااہلی فیصلے کے خلاف دائر پٹیشن واپس لینے کی درخواست بیرسٹر علی ظفر کی وساطت سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں