نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے اسپیشل ایجوکیشن داخلہ مہم کا افتتاح کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے اسپیشل بچوں کو معاون آلات کی تقسیم کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔
وزیر اعلیٰ نے اسپیشل بچوں کو وہیل چیئرز، ہیئرنگ ایڈ، سفید چھڑی اور تعلیم اور سپورٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سپیشل طلبہ کو میڈل اور انعامات دئیے۔
محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کے لئے جو بھی کرنا پڑا فرض سمجھ کر کریں گے، پائلٹ اسکول وحدت روڈ کا دورہ کیا حالات دیکھ کر ذاتی طور پربہت تکلیف ہوئی، پائلٹ اسکول وحدت روڈ میں 1650 بچے ہیں اور 60 ٹیچرز تعینات ہیں، پائلٹ اسکول وحدت روڈ کے 60 ٹیچر میں سے 35 الیکشن ڈیوٹی اور باقی چھٹیوں پر ہیں، اسکول وحدت روڈ کے 1650 طلبہ کو 10 سے 15 ٹیچرز پڑھا رہے ہیں، پائلٹ اسکول کا معیار انتہائی ابتر ہے اور ہم لوگ ہی اس کے ذمہ دار ہیں، بچوں کا کیا قصور۔
ان کا کہنا تھا کہ اسکول کے حالات ٹھیک کرنا ہمارا فرض ہے، معیار تعلیم اور اسکول کے حالات کی ابتری کا ذمہ دار محکمہ تعلیم، سیکرٹری اور منسٹر بھی ہیں، پائلٹ اسکول وحدت روڈ میں اختر رسول، قاری صداقت علی، جنرل ظہیر، جنرل بلال اور جنرل نوید انجم بھی زیر تعلیم رہے، پائلٹ اسکول وحدت روڈ کے ساتھ جتنا بدترین سلوک کیا جا سکتا تھا کیا گیا، میٹنگ کر لیتے ہیں، پریس ریلیز جاری کر دیتے ہیں اور سب اچھا کہہ دیتے ہیں لیکن حالات انتہائی برے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فلٹریشن پلانٹ کو چیک کیا، بچوں کو پانی کے نام پر زہر پلایا جا رہا تھا، ایک کلاس میں جا کر معلوم ہوا کہ بچوں کا اسلامیات کا پیپر ہے اور انہوں نے کچھ پڑھا یا ہی نہیں، کتابیں اور کاپیاں خالی پڑی ہوئی ہیں لیکن پڑھانے والا کوئی نہیں، اگر کلاس میں ٹیچر آتا بھی ہے تو موبائل پر لگا رہتا ہے یا سو جاتا ہے، پائلٹ اسکول وحدت روڈ کی اس بری حالت کا ذمہ دار میڈیا بھی ہے کیونکہ انہوں نے اس مسئلے کو کبھی اٹھایا ہی نہیں، میڈیا جب کسی کام کے پیچھے پڑ جاتا ہے تو اس کا پوری طرح پیچھا کرتا ہے، فرسٹ اور سکینڈائیر کے لئے 7 سالوں میں ایک ٹیچر بھی تعینات نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ صرف اسی اسکول کی بدترین حالت پورے محکمہ تعلیم کی عکاسی کرتی ہے، محکمہ تعلیم میں ساڑھے پانچ لاکھ ملازمین ہیں، اسکول ٹھیک نہیں کر سکتے تو بند کر دیں، اگر اس طرح سے اسکول چلانے ہیں تو بند کر دیے جائیں، یہ ہمارے لئے سبق ہے کہ دفتر میں بیٹھ کر اچھے رزلٹ نہیں آتے، ہماری بھی یہ ناکامی ہے کہ ہمیں 8 ماہ ہو گئے ہیں اور اس اسکول کا آج پتہ چلا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں



















