Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عوامی ریلیف سے سفارتی محاذ تک، شرجیل میمن نے حکومت کی کارکردگی گنوا دی

حکومت ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی سبسڈی دے کر شہریوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے، سینئر وزیر

صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے متعدد عملی اقدامات کر رہی ہے، جن کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ موٹرسائیکل کی ٹرانسفر فیس صرف مخصوص اسکیم کے تحت معاف کی گئی ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود عوام کو ریلیف دینے کے لیے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی سبسڈی دے کر شہریوں کو سہولت فراہم کر رہی ہے۔

انسداد پولیو مہم کے حوالے سے انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے محلوں، دوستوں اور رشتہ داروں تک آگاہی کا پیغام پہنچائیں تاکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت 21 لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے، جبکہ صوبے میں گندم کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی ہے۔

مزید برآں، 3 لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 1500 روپے کی مالی معاونت دی گئی ہے۔ سیلاب سے متاثرہ کسانوں کے لیے ہاری کارڈ کا اجرا کیا گیا اور متاثرہ زمینوں کا مکمل ڈیٹا بھی جمع کیا گیا ہے۔

سفارتی محاذ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں اہم کردار ادا کر کے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس پیش رفت پر انہوں نے وزیراعظم اور عسکری قیادت کو مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات نے دنیا بھر میں پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا، جبکہ بھارتی میڈیا اس پیش رفت پر واضح طور پر پریشان دکھائی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ حالات کے بعد پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا ہے جبکہ بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔

متعلقہ خبریں