Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبے میں مبینہ اربوں کی بے ضابطگیاں؛ نیب حرکت میں آگیا

تفتیشی ٹیم نے منصوبے میں آٹھ ارب کی بے ضابطگیوں پر الگ انکوائری کی سفارش بھی کردی۔

کراچی: لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبے میں مبینہ اربوں کی بے ضابطگیوں پر نیب حرکت میں آگیا ہے جب کہ ابتدائی انکوائری بھی مکمل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق لیاری ایکسپریس وے ری سٹیلمنٹ منصوبے پر نیب نے انکوائری مکمل کرلی جب کہ انکوائری میں ملنے والے شواہد کی بنیاد پر کیس انویسٹگیشن میں داخل ہوگیا۔

نیب ذرائع نے بتایا کہ غیر قانونی الاٹمنٹ، چائنا کٹنگ اور جعلی الاٹمنٹ کی گئی جب کہ نیب کے چھاپے میں ہزاروں پلاٹوں کی فائلیں اور شواہد قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضے میں لی گئی فائلوں میں سے 65 فیصد پر جعلی الاٹمنٹ آرڈرز پائے گئے، جعلی آرڈدز پر اسسٹنٹ ڈائریکٹرز لینڈ اور ایگزیکٹو انجینئر کے دستخط ہیں۔

ذرائع بتاتے ہیں کہ چھ مشتبہ افراد اور افسران کے نام بھی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کروا دیے گئے، منصوبے کی بیس ایکڑ زمین فراڈ سے آؤٹ سائیڈرز کو بیچ دی گئی جب کہ دوران انکوائری عوام سے بڑے پیمانے پر فراڈ کے  شواہد بھی سامنے آئے۔

نیب ذرائع نے مزید کہا کہ لیاری ایکسپریس وے سیٹلمنٹ وفاق اور سندھ کا مشترکہ منصوبہ تھا۔ وفاقی حکومت نے 67 فیصد اور صوبائی حکومت نے 33 فیصد حصہ ڈالنا تھا جب کہ تفتیشی ٹیم نے منصوبے میں آٹھ ارب کی بے ضابطگیوں پر الگ انکوائری کی سفارش بھی کردی ہے۔

متعلقہ خبریں