وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خلاف پوری قوم اپنی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بین الصوبائی علاقے جنڈ اور خوشحال گڑھ پل، کوہاٹ کے قریب بہادر شہری لیاقت کی اپنی جان قربان کر کے مقامی آبادی کو بڑی تباہی سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی حیثیت سے لیاقت نے دہشت گرد کو روک کر اسکی شناخت پوچھی شناخت پوچھنے پر دہشت گرد نے خود کو اڑا دیا اور لیاقت نے خود بھی شہادت کا رتبہ پالیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید لیاقت کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی جس کی بروقت بہادری نے بڑے جانی نقصان کو روک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ شہید لیاقت نے غیر معمولی جرأت، فرض شناسی اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے ایسے بہادر اور نڈر شہری دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کی حقیقی علامت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ شہید لیاقت کی قربانی قوم کے ہر فرد کے لیے مشعلِ راہ ہے قوم ان کی قربانی کبھی نہیں بھولے گی ان جیسے بہادر شہری ہماری قوم کا اثاثہ ہیں-
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بہادر عوام نے ہمیشہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی قومی اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔
وزیراعظم نے شہید لیاقت کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔



















