Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کوکین کوئین انمول پنکی کامنشیات نیٹ ورک بےنقاب، پولیس اہلکار بھی شامل

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیفنس اور کلفٹن کے تعلیمی اداروں میں کوکین فروخت کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے

پوش علاقوں میں کوکین کوئین انمول پنکی کا کوکین سپلائی کرنےوالا بڑا گینگ پکڑا گیا جس میں خواتین، ایک پولیس اہلکار اور مسافر کوچ سروس کے ڈرائیور بھی شامل تھےجو مختلف علاقوں میں منشیات کی ترسیل اور سپلائی میں کردار ادا کرتے رہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈیفنس اور کلفٹن کے تعلیمی اداروں میں کوکین فروخت کیے جانے کا بھی انکشاف ہوا ہے عدیل عرف وکی نامی ملزم تعلیمی اداروں میں منشیات فروخت کرتا رہا ہے، جبکہ انمول پنکی کے تعلیمی اداروں سے متعلق نیٹ ورک کو “بے بو” اور “حرا” چلاتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: منشیات کیس؛ ملزمہ انمول عرف پنکی کو پروٹوکول کیسے دیا گیا؟ وزیر داخلہ کا نوٹس

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسافر کوچ سروس کے ڈرائیور سرور اور عبدالمجید کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ ڈرائیورز سے منشیات وصول کرنے والا سپلائر نادر خان بھی قانون کی گرفت میں آچکا ہے۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ پولیس اہلکار کامران بھی اس گینگ کا حصہ تھا۔ ذرائع کے مطابق کامران تاحال مفرور ہے جبکہ گینگ کے دیگر فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں کوکین سپلائی کرنے والے اس منظم نیٹ ورک سے متعلق مزید اہم انکشافات متوقع ہیں، جبکہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں