اسلام آباد: خودکش دہشت گرد کو روک کر قیمتی جانیں بچانے والے شہری لیاقت شہید ولد کریم الہٰی کی قربانی کا قومی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سفارش پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے لیاقت شہید کے لیے ستارۂ شجاعت کی منظوری دے دی۔
لیاقت شہید نے اپنی جان قربان کر کے بڑے جانی نقصان کو ٹال دیا، ان کی جرأت، فرض شناسی اور قربانی پوری قوم کے لیے روشن مثال ہے۔

وزیراعظم کی سفارش اور صدر پاکستان کی منظوری قومی ہیرو کی عظیم قربانی کا اعتراف ہے۔
دوسری جانب شہری لیاقت شہید کے اہل خانہ ستارۂ شجاعت وصول کرنے کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔
لیاقت شہید کی والدہ، صاحبزادے اور بھائی صدر پاکستان سے ستارۂ شجاعت وصول کریں گے، شہید کے اہل خانہ کو مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ اسلام آباد روانہ کیا گیا، اے سی جنڈ لیاقت شہید کے اہل خانہ کے ہمراہ اسلام آباد روانہ ہوئے۔
لیاقت شہید کے اہل خانہ کی حفاظت اور سہولت کے لیے ایلیٹ فورس کا دستہ بھی ہمراہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی سفارش پر منظور ہونے والا ستارۂ شجاعت شہری لیاقت شہید کے اہل خانہ آج شام وصول کریں گے تاہم لیاقت شہید کی قربانی کا اعتراف صرف ایک اعزاز نہیں بلکہ پوری قوم کی طرف سے سلام ہے۔



















