آزاد جموں و کشمیر پولیس کوٹلی کے حکام نے پریس کانفرنس میں مبینہ شرپسند عناصر کی اشتعال انگیز کارروائیوں اور ریاست میں افراتفری پھیلانے کی کوششوں سے متعلق تفصیلات سامنے رکھ دیں۔
پولیس حکام کے مطابق فسادی ٹولے کے سرغنہ ریاست میں بدامنی اور افراتفری پھیلانے کی مذموم کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ نام نہاد پرامن احتجاج کی آڑ میں عوام کے معمولات زندگی کو مفلوج کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
آزاد کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا کہ کالعدم تنظیم کے 8 مسلح کارندوں کو گرفتار کیا گیا ہے، جنہیں میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔ پولیس نے گرفتار افراد سے برآمد ہونے والا اسلحہ بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا۔
پولیس حکام کے مطابق مسلح جتھے کے سرغنہ ایاز بٹ کا اعترافی بیان بھی میڈیا کے سامنے پیش کیا گیا، جس میں اس نے نکیال، چڑھوئی اور دیگر علاقوں میں دفاعی کمیٹیاں قائم کرنے کا ذکر کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شرپسند جتھوں نے حقوق اور مطالبات کا نام نہاد سہارا لے رکھا ہے، جبکہ فسادی ٹولے نے تاجروں اور شہریوں کو ہراساں کرنا شروع کردیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فون کالز اور دباؤ کے ذریعے محنت کش طبقات سے رقم وصول کی جارہی ہے، جبکہ مسلح جتھے نے تاجروں اور عام شہریوں سے جبراً بھتہ وصول کرنا بھی شروع کردیا ہے۔
آزاد کشمیر پولیس نے کہا کہ شرپسند عناصر نام نہاد احتجاج کے ذریعے عوامی زندگی اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مسلح افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا ہے۔

















