Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرفراز کا آؤٹ دینے پر امپائر تنقید کی زد میں

نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں امپائر نے قومی وکٹ کیپر و بیٹر سرفراز احمد کا آؤٹ دیا جس پر صارفین کی جانب سے امپائر کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں دوسرا ٹیسٹ میچ جاری ہے جس کے تیسرے دن کا کھیل آج ختم ہوگیا ہے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 407 رنز بنالیے ہیں جب کہ اسکور برابر کرنے کے لیے اب بھی 42 رنز درکار ہیں۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے۔

آج چائے کے وقفے سے قبل امپائر نے قومی ٹیم کے وکٹ کیپر و بیٹر سرفراز احمد کا غلط اسٹمپنگ آؤٹ دیا جس کے بعد سرفراز 78 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے بولر ڈیرل مچل کی تیسری گیند کو آگے نکل کر کھیلنے کی کوشش کی جس پر کیپر سے اسٹمپنگ کردیا جس کے بعد فیصلہ تھرڈ امپائر کے پاس چلے گیا۔

امپائر نے بار بار ری پلے دیکھنے کے بعد آؤٹ قرار دیا جب کہ سرفراز احمد کی ٹانگ کریز کے اندر موجود تھی جس پر صارفین آگ بگولہ ہوگئے اور امپائر کو تنقید کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔

سوشل میڈیا صارف حسن صدیقی کہتے ہیں ’ایک اور غلطی اور امپائر کا غلط فیصلہ، سرفراز احمد کو آؤٹ قرار دیا جب کہ ان کا پاؤں کریز پر موجود تھا‘۔

انہوں نے لکھا کہ ’پی سی بی کی جانب سے یہ کوئی اچھی امپائرنگ نہیں ہے، ہمیشہ جب بھی امپائر کو شک ہوتا ہے تو فیصلہ بلے باز کے حق میں جاتا ہے‘۔

فرید خان کہتے ہیں ’یہ کیسے آؤٹ ہوسکتا ہے، یار؟ سرفراز احمد بہت بدقسمت ہیں‘۔

عظٰم صدیقی تھرڈ امپائر پر تنقید کرتے ہوئے لکھتے ہیں ’عظیم صدیقی کا کتنا غلط فیصلہ ہے، بس اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آتا‘ جب کہ انہوں نے امپائر کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

متعلقہ خبریں