Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کاؤنٹی سیزن 2023؛ حیدر علی نے ڈربی شائر کو جوائن کرلیا

پاکستانی بلے باز حیدر علی نے کاؤنٹی سیزن 2023 کے لیے ڈربی شائر کو جوائن کر لیا ہے۔

معاہدے کے مطابق بلے باز حیدر علی پورے کاؤنٹی سیزن کے لیے تمام فارمیٹس میں دستیاب ہوں گے جب کہ ڈربی شائر کے کرکٹ سربراہ مکی آرتھر حیدر علی کو اپنی صفوں میں شامل کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ ’حیدر علی ایک باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہے جن کے پاس پہلے ہی بین الاقوامی میچز کھیلنے کا تجربہ ہے، جو تمام فارمیٹس میں ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور پھر لنکا پریمیئر لیگ کے دوران ان سے بات کی تھی، حیدر علی انگلینڈ آکر تمام فارمیٹس میں خود کو ثابت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’’یقیناً حیدر علی کو ابھی بہت کچھ کرنا ہے، لیکن میں نے انہیں آگاہ کردیا ہے کہ میں ان سے کیا امید رکھتا ہوں اور مجھے کوئی شک نہیں کہ حیدر علی کاؤنٹی کرکٹ میں بھی کامیاب ہوں گے۔‘‘

حیدر علی جو اپنے کھیل کو بہتر بنانے کے لیے انگلینڈ میں کھیلنے کے تجربے کے منتظر تھے، وہ کہتے ہیں کہ ’میں نے پچھلے کچھ سالوں میں دیکھا ہے کہ کتنے پاکستانی کھلاڑیوں نے کاؤنٹی کرکٹ میں کھیل کر اپنے کھیل کو بہتر بنایا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’یہی وہ چیز ہے جو میرے خیال میں ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے جب کہ مکی آرتھر عالمی کرکٹ میں ایک قابل احترام شخصیت ہیں‘۔

حیدر علی نے کہا کہ مکی آرتھر کو پاکستان میں بہت زیادہ مانا جاتا ہے، یہ میرے ان سے سیکھنے کا موقع ہے جس کے لیے میں بہت پرجوش ہوں۔

بلے باز کا کہنا تھا کہ ’میں ڈربی شائر کو تمام فارمیٹس میں جیتنے میں مدد کرنا چاہتا ہوں، یہاں بہت سارے اچھے کھلاڑی موجود ہیں اور مکی آرتھر اس کلب کے ساتھ کچھ بڑا حاصل کرنا چاہتے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ میں 2023 میں بہت زیادہ رنز بنا سکوں گا اور اپنی فارم سے ڈربی شائر کو محظوظ کرسکوں گا۔

واضح رہے کہ حیدر علی پاکستان کی جانب سے 33 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے تین نصف سنچریوں کی بدولت 499 رنز بنائے ہیں۔

متعلقہ خبریں