Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بابر سرفراز کی قیادت میں کھیلنے کے لیے تیار تھے، ندیم عمر

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ اگر بابر اعظم فرنچائز میں شامل ہوتے تو سرفراز اور بابر ایک دوسرے کی کپتانی میں کھیلنے کے لیے تیار تھے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر نے کہا کہ ’یہ بابر اور سرفراز دونوں کی خوبصورتی ہے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کی کپتانی میں کھیلنے کے لیے تیار تھے‘۔

ندیم عمر کہتے ہیں کہ ہم نے بابر کی قیادت میں زلمی کے خلاف میچ کھیلا، میں آپ کو بتاتا ہوں کہ بابر اعظم ایک حیرت انگیز شخصیت ہیں اور وہ ایک پراعتماد لڑکا ہے جو اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اور سرفراز کی کیمسٹری بہت اچھی ہے اور ایسا کبھی نہیں لگتا ہے کہ بابر کو سرفراز کی جگہ قومی ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہو جب کہ دونوں ہی ایک دوسرے کا بہت احترام کرتے ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک کہتے ہیں کہ ’ان کی خوائش تھی کہ قومی ٹیم کے کپتان ان کی فرنچائز کا حصہ ہوں لیکن وہ کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے‘۔

ندیم عمر نے کہا کہ ’ہم نے بابر کو لینے کی پوری کوشش کی لیکن زلمی کو بھی کپتان کی ضرورت تھی، ہم پچھلے تین سالوں سے بابر کو حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے‘۔

گزشتہ دو سالوں سے کوئٹہ پلے آف میں کوالیفائی کیوں نہ کرسکی؟

اس حوالے سے ندیم عمر کا کہنا تھا کہ ’ہمارے ساتھ دستیابی اور انجری کے بہت سے مسائل تھے جو ہماری پرفارمنس میں رکاوٹ بنے جب کہ ہمارا شیڈول بھی مثالی نہیں تھا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ان تمام وجوہات کے علاوہ آپ جانتے ہیں کہ سرفراز کے ساتھ کیا ہوا؟ اگر کپتان پریشان ہو تو ٹیم اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکتی‘۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک کا کہنا تھا کہ اس بار ہمارا کپتان پر اعتماد ہے اور ٹیسٹ سیریز میں کامیابی دکھانے کے بعد ان کا اعتماد اور زیادہ بڑھ گیا ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد 13 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن میں بھی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔

متعلقہ خبریں