Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عامر اور عماد کی قومی ٹیم میں واپسی کا فیصلہ پی ایس ایل کرے گا، شاہد آفریدی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملک کے دو مشہور کرکٹرز محمد عامر اور عماد وسیم کی قومی ٹیم میں ممکنہ واپسی پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

مقامی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر محمد عامر اور عماد وسیم آئندہ پی ایس ایل میں غیر معمولی کارکردگی پیش کرتے ہیں تو وہ اپنے لیے ایک کیس بنالیں گے۔

واضح رہے کہ محمد عامر کے حوالے سے قیاس آرائیاں عروج پر ہیں کہ پی سی بی میں تبدیلی کے بعد محمد عامر اپنا فیصلہ واپس لے سکتے ہیں۔

وہیں عماد وسیم بھی دنیا بھر کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کر رہے ہیں اور ان کی بھی قومی ٹیم میں واپسی کی خبریں زیر گردش ہیں۔

شاہد آفریدی کا خیال ہے کہ پی ایس ایل دونوں کھلاڑیوں کی واپسی کے لیے بہترین پلیٹ فارم ہوگا جب کہ یہ ان کی ذہنیت پر منحصر ہے کہ وہ ٹورنامنٹ کے لیے کیا اہداف مقرر کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عامر اور عماد پر منحصر ہے کہ وہ اوسط رہنا چاہتے ہیں یا اپنا موازنہ شاہین، حارث اور نسیم شاہ سے کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’محمد عامر اور عماد وسیم کافی عرصے سے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور دونوں ہی موقع ملنے پر پرفارم کرنا چاہیں گے، میرے خیال میں پی ایس ایل ہی ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جسے آپ واپسی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں‘۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پی ایس ایل کا نتیجہ کھلاڑیوں کے بارے میں بہت کچھ بتاسکتا ہے اور وہ موقع ملنے پر پرفارم کرنا چاہیں گے۔

پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی ناقص کارکردگی کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ اس کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں اور صرف کپتان پر الزام لگانا مناسب نہیں ہوگا۔

سابق کپتان کہتے ہیں کہ میرے خیال میں ٹیم کی کارکردگی آپ کو بہت کچھ بتا سکتی ہے اور اس کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں جن میں کپتانی، ٹیم مینجمنٹ اور کوچز کی منصوبہ بندی شامل ہے جب کہ اگر آپ کارکردگی نہیں دکھا رہے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ غلطیاں ہو رہی ہیں۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل کا آٹھواں ایڈیشن 13 فروری سے ملتان میں شروع ہوگا جب کہ ایونٹ کا اختتام 19 مارچ کو لاہور میں ہوگا۔

متعلقہ خبریں