لاہور: پی ایس ایل اخراجات کے تنازعہ پر پی سی بی اور پنجاب حکومت میں دوسرے دن بھی ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے پنجاب حکومت کو بقیہ 25 کروڑ نہ دینے کا پیغام پہنچا دیا ہے جب کہ پی سی بی کا کہنا ہے کہ لاہور میں پہلے دو میچز کے بعد منگل کو سپرلیگ کراچی منتقل کردی جائے گی۔
پی سی بی کا پنجاب حکومت کو پیغام میں کہنا ہے کہ اگر 27 فروری تک تعاون نہ کیا گیا تو میچز شفٹ ہوجائیں گے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اخراجات کے لئے پنجاب حکومت کے جاری کردہ 25 کروڑ ناکافی ہیں، پنجاب حکومت پہلے دو میچز کے بعد لیگ منتقل کرنے پر مجبور کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ کے دور میں چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے تمام سیکیورٹی بلز کی منظوری دی تھی جب کہ میڈیا سے پتا چلا ہے کہ ابھی تک تحریری طور پر 25 کروڑ دینے کا بھی خط نہیں ملا ہے۔
پی سی بی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ نگراں حکومت پریشان کررہی ہے، غیرملکی کھلاڑی بھی دیکھ رہے ہوں گے اور اگر سیکیورٹی کی بنیاد پر کسی کھلاڑی نے دستبرداری کا فیصلہ کیا تو بورڈ زمہ دار نہیں ہوگا۔
دوسری جانب چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کا بھی اپنے پیغام میں کہنا ہے کہ پی سی بی سیکیورٹی کی مد میں ایک پیسہ نہیں دے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کی ذمہ داری اسٹیٹ کی ہے اور ٹیموں کو اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہے، سیکیورٹی انتظامات میں کوتاہی برتی گئی تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔




















