Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بابر کے بعد شاہین کے پسندیدہ بیٹر کون ہیں؟ کھلاڑی نے بتادیا

لاہور: شاہین آفریدی نے بابر اعظم کے بعد اپنے پسندیدہ بیٹر کا نام بتادیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 8 میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے پری میچ پریس بریفنگ دی جس میں انہوں نے بابر اعظم کے بعد اپنے پسندیدہ بیٹر کا نام بتادیا ہے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہیری بروک کی جگہ ہم نے اپنا کمبینیشن اچھا بنایا ہے جب کہ عبداللہ شفیق میرے فیورٹ بیٹر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے بعد عبداللہ شفیق بہترین بلے باز ہیں، ان کی طبیعت ناساز تھی جس وجہ سے وہ شروع کے میچز نہیں کھیل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہیں، نیٹ میں ان کو بولنگ کرکے بہت مزا آتا ہے۔ کوشش کریں گے کہ بابر اعظم کے خلاف اچھی بولنگ کریں۔

شاہین آفریدی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں ساری ٹیمیں کافی اچھا کھیل رہی ہیں، مقابلہ سخت ہوگا۔  گزشتہ میچ میں 190 سے اوپر رنز کیے تھے، ابھی صرف تین میچز ہوئے ہیں آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہورہی ہیں۔

واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 8 کے بقیہ میچز کا آغاز کل سے ہوگا جس میں پشاور زلمی کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔

پی ایس ایل 8 میں پشاور زلمی اب تک 4 میچز کھیل چکی ہے جس میں انہیں 2 میں کامیابی اور 2 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ لاہور قلندرز 3 میچز کھیل کر 2 میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔

متعلقہ خبریں