پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے اپنی فٹنس کے ساتھ ساتھ میڈیا اور شائقین کی جانب سے بھارت کے خلاف ورلڈ کپ کے انتہائی متوقع میچ کے حوالے سے دو ٹوک ریمارکس دیے ہیں۔
ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جب کہ میچ کے حوالے سے شائقین میں کافی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔
شاہین آفریدی کا خیال ہے کہ توجہ صرف اس ایک میچ پر نہیں ہونی چاہیے بلکہ ٹیم کو مجموعی طور پر ورلڈ کپ جیتنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
ایک مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ’’ہمیں سوچنا چھوڑ دینا چاہیے اور صرف پاکستان بمقابلہ میچز پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے کیونکہ یہ صرف ایک میچ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے خیالات کو ورلڈ کپ جیتنے کے طریقے پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے اور ایک ٹیم کے طور پر یہ ہمارا مقصد ہونا چاہیے۔
اپنی فٹنس کے بارے میں شاہین آفریدی نے اپنے گھٹنے کی انجری سے پیدا ہونے والے خدشات کو دور کرتے ہوئے کہا کہ میں مکمل طور پر فٹ ہوں اور اسی لیے میں ٹیسٹ ٹیم میں واپس آیا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر میں مکمل طور پر میچ فٹ نہ ہوتا تو میرا نام اسکواڈ میں نہ ہوتا۔ میں پاکستان کی قومی ٹیم کے لیے کھیلوں گا کلب کی سطح پر نہیں کھیلوں گا۔
واضح رہے کہ شاہین آفریدی نے آخری بار پاکستان کے لیے تقریباً ایک سال قبل سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلا تھا جس میں وہ انجری کا شکار ہوکر ایک اہم مدت کے لیے ایکشن سے باہر ہوگئے تھے۔




















