ایمرجنگ ایشیاکپ 2023 میں پاک بھارت ٹاکرا 19 جولائی کو سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔
مینز ایمرجنگ ایشیاکپ کا آئندہ پانچواں ایڈیشن 13 جولائی سے 23 جولائی تک سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ایشیائی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں سے سات ممالک کی ‘اے’ ٹیمیں نمائندگی کریں گی۔
پاکستان اے ٹیم اپنی مہم کا آغاز 14 جولائی کو نیپال کے خلاف کرے گی جب کہ 17 جولائی کو پاکستان کا مقابلہ یو اے ای اے سے ہوگا۔
قومی ٹیم 19 جولائی کو روایتی حریف بھارت کی اے ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔
پاکستان اے ٹیم کو گروپ اے میں شامل کیا گیا ہے جس میں قومی ٹیم کے علاوہ بھارت اے، نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
گروپ بی میں افغانستان اے، بنگلہ دیش اے، عمان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں سیمی فائنل میں جائیں گی جس کے بعد فائنل مقابلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ پاکستان اے ٹیم کی قیادت محمد حارث کررہے ہیں جو پانچ ون ڈے اور نو ٹی ٹوئنٹی میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرچکے ہیں۔
علاوہ ازیں پاکستان اے ٹیم میں عمیر بن یوسف (نائب کپتان)، عماد بٹ، ارشد اقبال، حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز، مبصر خان، محمد وسیم جونیئر، قاسم اکرم ، صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، شاہ نواز دھانی، سفیان مقیم اور طیب طاہر شامل ہیں۔
عبدالواحد بنگلزئی، محمد عباس آفریدی، محمد جنید اور روحیل نذیر کو ریزرو پلیئر کے طور پر رکھا گیا ہے۔




















