قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں لینے کے لیے پر امید ہیں۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 25 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
شاہین آفریدی کی ایک سال بعد سری لنکا کے خلاف ہی ٹیسٹ میچ میں واپسی ہوئی ہے جب کہ وہ گزشتہ برس سری لنکا ہی کے خلاف گھٹنے میں تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر شاہین آفریدی خوش ہیں اور کہتے ہیں کہ میری اسی ملک میں واپسی ہو رہی ہے جہاں میں انجرڈ ہوا تھا۔
قومی فاسٹ بولر نے کہا کہ میں ہمیشہ ریڈ بال کرکٹ سے لطف اندوز ہوا ہوں، ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹوں سے ایک وکٹ کی دوری پر ہوں۔ 100 وکٹیں یقینی طور پر میرے لئے بہت اہم ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وائٹ بال سے ریڈ بال کی طرف آنے میں وقت لگا، کراچی میں لگائے جانے والے کیمپ کا فائدہ ہوا۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ میں ریڈبال کرکٹ سے بھی پریکٹس کرتا رہا، ہم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی ابتدا اچھے طریقے سے کریں گے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل تک پہنچیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں پہلے بولر ہوں لیکن جب بیٹنگ کا موقع ملا تو ملک کے لیے کچھ کروں گا۔




















