Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مصباح، حفیظ اور راشد لطیف میں ڈومیسٹک کرکٹ پلان پر اختلاف

ڈومیسٹک کرکٹ پلان کو لے کر کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق اور سابق کپتان محمد حفیظ سمیت راشد لطیف میں اختلاف پیدا ہوگیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مصباح الحق نے لاہور میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں کرکٹ کی اہم شخصیات نے شرکت کی جن میں سابق کپتان راشد لطیف اور محمد حفیظ سمیت بورڈ کے سی او او سلمان نصیر اور ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈائریکٹر جنید ضیاء شامل تھے۔

اجلاس کا بنیادی مقصد 2014 کے آئین کے مطابق آنے والے ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کے بارے میں تبادلہ خیال اور منصوبہ بندی کرنا تھا۔

تاہم بحث کے دوران تینوں سابق کپتانوں میں علاقائی ٹیموں کی شمولیت اور کرکٹ گیندوں کے استعمال کے حوالے سے اختلافات پیدا ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مصباح الحق نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں آٹھ ریجنز کو شامل کرنے کی بات کی جب کہ اس کے برعکس محمد حفیظ اور راشد لطیف نے مختلف رائے کا اظہار کیا۔

محمد حفیظ نے تجویز پیش کی کہ صرف چھ ریجنز کو شرکت کرنی چاہیے جب کہ راشد لطیف نے بڑی تعداد میں ٹیموں کو شامل کرنے کا کہا۔

راشد لطیف نے قائد اعظم ٹرافی میں سیالکوٹ ریجن کی شرکت پر خاص زور دیتے ہوئے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 16 ریجنز کو شامل کرنے کی تجویز دی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران تنازع کا ایک اور نکتہ ڈومیسٹک سیزن کے لیے کرکٹ گیندوں کا انتخاب تھا۔

تینوں سابق کرکٹرز نے ڈیوک گیندوں کے استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا اور اس کے بجائے ڈومیسٹک کرکٹ میں کوکابورا گیندوں کے استعمال کی حمایت کی۔

تاہم جنید ضیاء نے انہیں بتایا کہ ڈیوک بالز پہلے ہی خریدی جاچکی ہیں اور واپس نہیں کی جاسکتیں کیونکہ انہیں خاص طور پر آرڈر دے کر بنوایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ آنے والا ڈومیسٹک کرکٹ سیزن یکم ستمبر سے شروع ہونے والا ہے جس کا آغاز باوقار قائد اعظم ٹرافی سے ہوگا۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ 6 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ابتدائی طور پر آٹھ ریجنز اور اتنے ہی محکموں کی ٹیمیں سیزن میں شرکت کریں گی۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں