Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میری خواہش قومی ٹیم کو ہر فارمیٹ میں ٹاپ تھری پر لانا ہے، ذکاء اشرف

چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف نے قومی ٹیم کو ہر فارمیٹ میں ٹاپ تھری پر لانے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چوہدری ذکاء اشرف کی لاہور قلندرز کے ہائی پرفارمنس سینٹر آمد ہوئی جس موقع پر انہوں نے ہائی پرفارمنس سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا۔

ذکاء اشرف نے 14 اگست کی مناسبت سے تقریب میں بھی خصوصی شرکت کی اور تقریب میں سابق کرکٹر سرفراز نواز، ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ندا ڈار سمیت کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو مزید ڈویلپمنٹ کی ضرورت ہے، ویمنز کرکٹرز کو پہلی بار یہاں پر مکمل تربیت دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ویمنز کرکٹرز کو ڈومیسٹک کنٹریکٹ دیے جائیں گے جب کہ ویمنز کرکٹرز کی پی ایس ایل کی طرز پر لیگ کروانے کی کوشش جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر میں خواتین کرکٹرز کی تربیت کے لیے خاص اہتمام کیا گیا ہے۔ پہلے دور میں پاکستان نے چمپئنز ٹرافی اور ایشیا کپ جیتا تھا اور اس بار بھی پوری امید ہے کہ ٹرافی لے کر آئیں۔

ذکاء اشرف کہتے ہیں کسی بھی بورڈ کے لیے کھلاڑی ان کی جان ہوتے ہیں، کھلاڑی ملک کے لیے نام کمائیں اور اس ملک کو مزید آگے لے کر جائیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کو ہر فارمیٹ پر ٹاپ تھری میں لانا میری خواہش ہے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ لاہور قلندرز کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے، اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو ترقی دے۔ کرکٹ دنیا بھر میں امن اور پیار کا پیغام دیتی ہے۔ انشااللہ پاکستانی ٹیم آنے والے وقت میں دنیا کی ٹاپ کی ٹیم ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو ڈومیسٹک سینٹرل کنٹریکٹس دے رہے ہیں جب کہ پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس کو دوگنا کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے جب چیئرمین تھا تو تب ایشیا کپ جیتے تھے اور امید ہے اس بار بھی ایشیا کپ جیتیں گے جب کہ پاکستان ویمنز کرکٹر کا پاتھ وے پروگرام شروع کریں گے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں