آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے 14 ویں میچ میں آسٹریلیا نے سری لنکا کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر لکھنئو میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا 14 واں میچ کھیلا گیا جو آسٹریلیا کے نام رہا۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بھاری ثابت ہوا اور سری لنکا کی پوری ٹیم 43.3 اوورز میں 209 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 35.2 اوورز میں باآسانی ہدف حاصل کرکے ورلڈکپ میں پہلی جیت اپنے نام کرلی ہے۔
سری لنکا کی بیٹنگ
سری لنکا کی جانب سے اوپنرز پاتھم نسانکا اور کسال پریرا نے ٹیم کو 125 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن ان کے آؤٹ ہوتے ہی سری لنکن بلے بازوں کی لائن لگ گئی اور پوری ٹیم صرف 209 رنز ہی بناسکی۔
پاتھم نسانکا نے 61 اور کسال پریرا نے 78 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کسال مینڈس 9 ، سدیرا سمارا وکراما 8، دھننجایا ڈی سلوا 7 اور دونیتھ ویلالگے 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے ایڈم زمپا نے بہترین گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز 2،2 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے اور ایک وکٹ گلین میکسویل کے حصے میں آئی۔
آسٹریلیا کی بیٹنگ
آسٹریلوی بلے باز سری لنکن بولرز کے سامنے ابتدا میں پریشان دکھائی دیے اور اپنی دو وکٹیں 24 رنز پر ہی گنوا بیٹھے لیکن مچل مارش اور مارنس لبوشین نے ٹیم کو سہارا دیا۔
مچل مارش نصف سنچری کی بدولت 52 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے جب کہ مارنس لبوشین نے بھی 40 رنز کی اننگز کھیلی اور جوش انگلس بھی نصف سنچری کے ساتھ 58 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشن مدوشنکا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، دونیتھ ویلا لگے ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں




















