Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورلڈکپ؛ نیوزی لینڈ کی مسلسل چوتھی فتح، افغانستان کو شکست

ورلڈکپ 2023 کے 16 ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا 16 واں میچ بھارتی شہر چنئی میں کھیلا گیا جس میں فتح نیوزی لینڈ کے نام رہی۔

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں پوری افغان ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ نے اس جیت کے ساتھ اپنی فتح کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے چوتھی کامیابی حاصل کی ہے جس کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر 8 پوائنٹس کے ساتھ ان کا پہلا نمبر برقرار ہے۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

نیوزی لینڈ کی جانب سے گلین فلپس نے نصف سنچری کے ساتھ سب سے زیادہ 71 رنز اسکور کیے جب کہ کپتان ٹام لیتھم 68 اور ول ینگ 54، ڈیون کانوے 20، راچن رویندرا 32 اور ڈیرل مچل ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور عظمت عمرزئی نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ مجیب الرحمان اور راشد خان نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔

افغانستان کی بیٹنگ

ہدف کے تعاقب میں افغان بلے باز بری طرح ناکام ہوئے اور 6 بلے باز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکے جب کہ دو کھلاڑی تو صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے۔

افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزئی 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور لوکی فرگوسن نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور میٹ ہنری، رچن ویندرا 1،1 وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں