Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قائد اعظم ٹرافی فائنل؛ صائم ایوب نے ڈبل سنچری کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری جڑ دی

قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں کراچی وائٹس کے کھلاڑی صائم ایوب نے ڈبل سنچری کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری جڑ دی ہے۔

قائد اعظم ٹرافی کا فائنل کراچی وائٹس اور فیصل آباد ریجن کی ٹیموں کے درمیان جاری جس کے تیسرے دن کا کھیل آج مکمل ہوگیا ہے۔

تیسرے دن کے کھیل کے اختتام تک کراچی وائٹس کو دوسری اننگز میں 657 رنز کی برتری حاصل ہے جب کہ فیصل آباد پہلی اننگز میں 124 رنز پر آل ہوگئی تھی۔

نوجوان صائم ایوب نے قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں ڈبل سنچری بنانے کے بعد دوسری اننگز میں بھی سنچری بناڈالی ہے۔

فائنل میں  کراچی وائٹس نے  فیصل آباد کے خلاف اپنی پوزیشن بہت مستحکم کرلی ہے اور دوسری اننگز میں 5 وکٹوں پر 238 رنز بنالیے ہیں۔

تیسرے دن فیصل آباد کی ٹیم نے 76 رنز چار کھلاڑی آؤٹ پر پہلی اننگز شروع کی لیکن وہ اسکور میں صرف 48 رنز کا اضافہ کرنے میں کامیاب ہوسکی۔عرفان خان 32 اور علی وقاص 27 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

کراچی وائٹس کی طرف سے میرحمزہ اور شاہ نواز دھانی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔ میرحمزہ نے 44 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہ نواز دھانی نے 50 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جو فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی بہترین انفرادی بولنگ ہے۔

کراچی وائٹس  نے پہلی اننگز کی 419 رنز کی سبقت کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی تو اسے پہلی ہی گیند پر خرم منظور کا نقصان اٹھانا پڑا۔

عمیر بن یوسف بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہوئے لیکن صائم ایوب ایک بار پھر زبردست فارم میں نظر آئے۔ پہلی اننگز میں 203 رنز اسکور کرنے کے بعد انہوں نے دوسری اننگز میں بھی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

صائم ایوب اور اسد شفیق نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 121 رنز کا اضافہ کیا۔ اسد شفیق نے سات چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے ہیں اور وہ ابھی ناٹ آؤٹ ہیں۔

 شان مسعود آٹھ چوکوں کی مدد سے 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، انہوں نے پہلی اننگز میں 180رنز اسکور کیے تھے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں