Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دورہ آسٹریلیا؛ ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کا مقابلہ پرائم منسٹر الیون سے ہوگا

دورہ آسٹریلیا پر پاکستان کا ٹیسٹ سیریز سے قبل مقابلہ پرائم منسٹر الیون سے ہوگا۔

پیر کو کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 6 سے 9 دسمبر تک کینبرا کے مانوکا اوول میں پرائم منسٹر الیون کے خلاف چار روزہ ریڈ بال میچ کھیلے گی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ میچ آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کے لیے تیاری کے طور پر کام کرے گا۔

اس موقع آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیس نے خوشی کا اظہا کرتے ہوئے کہا ’’پاکستان ایک قابل فخر کرکٹ قوم ہے‘‘۔

یہ بھی پڑھیں: معین خان نے دورہ آسٹریلیا کیلئے 2 کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ کردیا

انہوں نے کہا کہ ماضی میں مجھے وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے کھلاڑیوں کو نئی گیند کے ساتھ کھیلتے ہوئے دیکھنا پسند تھا، اس لیے میں پرجوش ہوں کہ کینبرا میں پرائم منسٹر الیون کا مقابلہ پاکستان کے باصلاحیت اسکواڈ سے ہوگا۔

یاد رہے کہ یہ تیسرا موقع ہوگا جب پاکستان کرکٹ ٹیم پرائم منسٹر الیون کے مدمقابل آئے گی جب کہ اس سے قبل 1990 اور 2005 میں بھی دونوں ٹیموں کے درمیان میچز کھیلے جاچکے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر کو پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلے گی جب کہ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا اور تیسرا و آخری ٹیسٹ 3 جنوری 2024 کو سڈنی میں ہوگا۔

متعلقہ خبریں