آسٹریلوی کھلاڑی ٹوڈ مرفی کہتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ آسٹریلیا کے لیے کل لاہور سے روانہ ہوگی جب کہ اس موقع پر تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔
سیریز سے قبل پاکستان ٹیم کا مقابلہ پرائم منسٹر الیون سے ہوگا اور قومی ٹیم 6 سے 9 دسمبر تک کینبرا کے مانوکا اوول میں چار روزہ ریڈ بال میچ کھیلے گی۔
پرائم منسٹر الیون کے کھلاڑی اور اسپنر ٹوڈ مرفی کہتے ہیں کہ بابراعظم کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے اور بابراعظم کے خلاف بولنگ کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ سابق کپتان رکی پونٹنگ کے بیان سے اتفاق نہیں کرتا، پاکستان کے بہترین بولرز اور بیٹرز آسٹریلیا آرہے ہیں اور کوئی بھی ٹیم اپنا کمزور بولنگ اٹیک آسٹریلیا نہیں بھیجتی۔
ان کا مزید کہنا تھا پاکستان کی بولنگ لائن اپ میں نوجوان فاسٹ اور اسپن بولرز موجود ہیں، پاکستان کے خلاف کھیلنا ایک چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ ناتھن لائن سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 14 دسمبر کو پرتھ میں آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلے گی جب کہ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا اور تیسرا و آخری ٹیسٹ 3 جنوری 2024 کو سڈنی میں ہوگا۔




















