Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کامران اکمل، سلمان بٹ اور راؤ افتخار چیف سلیکٹر کے کنسلٹنٹ مقرر

پی سی بی نے سابق کرکٹر کامران اکمل، سمان بٹ اور راؤ افتخار کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ مقررکردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر  وہاب ریاض کے کنسلٹنٹ کے طور پر مقرر کیا ہے۔

یہ تینوں فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے اور بارہ جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز ان کا پہلا اسائنمنٹ ہوگی۔

تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں اسکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔

یاد رہے کہ کامران اکمل نے 53 ٹیسٹ 157 ون ڈے انٹرنیشنل اور58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔

انہوں نے تینوں فارمیٹس میں مجموعی طور پر 6871 رنز بنائے ہیں اور وکٹوں کے پیچھے 453 کیچز/ اسٹمپڈ کیے ہیں جب کہ وہ 2009 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے بھی رکن تھے۔

راؤ افتخار انجم بھی 2009 کا ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے، وہ ایک ٹیسٹ 62 ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور 78 انٹرنیشنل وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔

سابق کپتان سلمان بٹ نے 33 ٹیسٹ 78 ون ڈے انٹرنیشنل اور 24 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور تینوں فارمیٹس میں گیارہ سنچریوں کی مدد سے 5209 رنز اسکور کیے ہیں۔

سلمان بٹ بھی کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم کی طرح  2009 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ تھے۔

متعلقہ خبریں