انگلش بیٹر فل سالٹ آئی پی ایل میں فروخت نہ ہونے پر نیلامی سے ناخوش ہیں۔
دہلی کیپیٹلز میں کامیاب ڈیبیو سیزن کے بعد فل سالٹ رواں سیزن میں زیادہ کی امید کررہے تھے تاہم انہیں آئی پی ایل کی کسی بھی فرنچائز نے نہیں خریدا ہے۔
گذشتہ سیزن میں انہوں نے 27.25 کی ایوریج اور 163.91 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ پرفارم کیا تھا لیکن رواں سیزن میں 1.5 کروڑ کی بنیادی قیمت کے باوجود انہیں کسی فرنچائز نے نہیں خریدا۔
اس حوالے سے فل سالٹ کہتے ہیں ’’یہ پریشان کن صبح تھی، میں زیادہ کی توقع کررہا تھا کیونکہ میں نے گذشتہ سال اچھا پرفارم کیا تھا لیکن یہ نیلامی کا ایک حصہ ہے اور ڈرافٹ کے عمل میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے‘‘۔
انہوں نے کہا ’’ہمارے ڈریسنگ روم میں چند کھلاڑی ایسے بھی موجود ہیں جن کی کرسمس بہت اچھی گزرنے والی ہے اور میں ان کے لیے بے حد خوش ہوں‘‘۔
فل سالٹ کا کہنا تھا ’’میں نیلامی کی وجہ سے تھوڑا سا الجھا ہوا تھا لیکن ایسا بھی ہوسکتا ہے، آئی پی ایل کی فہرست میں کوئی بھی برا کرکٹر موجود نہیں‘‘۔
خیال رہے کہ انگلش بلے باز نے حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں دو سنچریاں اسکور کیں ہیں۔
انہوں نے 57 گیندوں پر 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جو کسی بھی انگلش کھلاڑی کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں اب تک کا سب سے بڑا اسکور ہے۔




















