پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا کپتان بنانے کا اعلان کردیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے محمد رضوان کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا کپتان بنانے کا اعلان کیا اور ساتھ میں سلمان علی آغا کو نائب کپتان مقرر کیا۔
چہیئرمین پی سی بی نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں سلیکشن کمیٹی نے بہت محنت کی جب کہ انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میں سلیکشن کمیٹی نے بہت کام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سلیکشن کمیٹی کی تعریف کرنا چاہتا ہوں کیونکہ اس جیت میں ان کا بڑا ہاتھ ہے، بہت سارا کام ہوگیا ہے لیکن اب بھی بہت سا کام کرنا باقی ہے۔
بابر اعظم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ میں بطور کپتان کھیلنا نہیں چاہتا۔
محسن نقوی مزی کہتے ہیں کہ بابر اعظم کا فیصلہ تھا وہ گیم پر فوکس کرنا چاہتا تھا لیکن وہ ایک پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ہم چاہتے ہیں بابراعظم فارم میں واپس آئیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا اور زمبابوے کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جب کہ بابراعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی آسٹریلیا کے میچوں کے لیے ٹیم میں شامل ہیں تاہم انہیں دورہ زمبابوے کے لیے آرام دیا جائے گا۔
محمد رضوان آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف سیزیز کے لیے دستیاب ہوں گے تاہم وہ بھی زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔




















