کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کو فتح پر مبارکباد پیش کی ہے۔
گورنر سندھ کا خراج تحسین
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دوسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کو فتح پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سلیکٹرز، کوچ، کپتان، کھلاڑیوں کو شاباش دی۔
کامران خان ٹیسوری کا کہنا ہے کہ اس جیت کی قوم کو اشد ضرورت تھی، قومی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ حارث رؤف نے 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے کھیل کا پانسہ ہی پلٹ دیا جب کہ عبداللہ شفیق اور بابر اعظم نے بھی انتہائی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا۔
کامران خان ٹیسوری مزید کہتے ہیں کہ امید ہے کہ آئندہ میچز میں بھی اسی ٹیم اسپرٹ کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
مراد علی شاہ کی قومی ٹیم کو مبارکباد
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم سے جیت خوشی کی بات ہے، آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے شاندار کامیابی حاصل کی جب کہ کھلاڑیوں نے بہترین کھیل کا مظاہرا کیا۔
مریم نواز کی قومی ٹیم کو شاباش
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ میں 28 سال بعد ون ڈے میچ ہرانے پر مبارکباد دیتے ہوئے قومی ٹیم کو شاباش دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے حارث رؤف، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ امید ہے پاکستانی کرکٹ ٹیم فتح کا تسلسل برقرار رکھے گی۔
یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں پاکستان نے 9 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرکے سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 163 رنز اسکور کیے جس کے جواب میں قومی ٹیم نے باآسانی 26.3 اوورز میں 1 وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔




















