Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ٹکٹوں کی قیمتیں سامنے آگئیں

لاہور: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کی قیمتیں فائنل ہوگئیں۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے پی سی بی نے ٹکٹوں کی قیمتیں طے کرلی ہیں جس کی منظوری چیئرمین پی سی بی نے بھی دے دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے میچز کے لئے ٹکٹوں کی فروخت کا عمل جلد شروع ہونے کا امکان ہے جب کہ چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان کے میچز کی کم سے کم قیمت 1 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 25 ہزار مقرر کی گئی ہے۔

کراچی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں

ذرائع نے بتایا کہ کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی ٹکٹوں کی کم سے کم قیمت 2 ہزار مقرر ہے، کراچی کے میچز میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ میں فرسٹ کلاس انکلوژرز کی قیمت 4 ہزار مقرری کی گئی۔

اسی طرح کراچی میں پریمیئم کے ٹکٹ کی قیمت 7 ہزار، وی آئی پی انکلوژرز کی 12 ہزار اور گیلری کی 25 ہزار رکھی گئی ہے جب کہ کراچی میں بقیہ دو میچز میں جنرل انکلوژر کی قیمت ایک ہزار مقرر ہے۔

کراچی میں دیگر میچز میں فرسٹ کلاس ٹکٹ کی قیمت 1500، پریمیئم کی قیمت 3 ہزار 500، وی آئی پی کی 7 ہزار اور گیلری کی 18 ہزار مقرر کی گئی ہے۔

لاہور میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں

لاہور میں ہونے والے آسٹریلیا و انگلینڈ کے میچ میں جنرل انکلوژر کی قیمت 1 ہزار، فرسٹ کلاس کی 2 ہزار، پریمیئم کی 5 ہزار، وی آئی پی کی 7 ہزار 500، وی وی آئی پی کی 12 ہزار اور گیلری کی 18 ہزار روپے مقرر ہے۔

لاہور میں ہونے والے افغانستان و انگلینڈ اور افغانستان و آسٹریلیا کے میچز کی کم سے کم قیمت ایک ہزار اور زیادہ سے زیادہ 12 ہزار 500 مقرر کی گئی ہے۔

لاہور میں ہونے والے سیمی فائنل کے لئے کم سے کم ٹکٹ کی قیمت 2 ہزار 500 اور زیادہ سے زیادہ قیمت 25 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔

راولپنڈی میں ہونے والے میچز کے ٹکٹوں کی قیمتیں

راولپنڈی میں پاکستان و بنگلادیش کے میچ میں جنرل انکلوژر کی قیمت 2ہزار، فرسٹ کلاس کی 4 ہزار، پریمیئم کی 7 ہزار اور وی آئی پی کی 12 ہزار 500 مقرر ہے۔

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے دیگر دو راؤنڈ میچز کی کم سے کم قیمت 1 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 12 ہزار مقرر ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کی افتتاحی تقریب 16 یا 17 فروری کو پاکستان میں کرائے جانے کا امکان ہے جب کہ چیمپئنز ٹرافی کا پہلا میچ 19 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان کراچی میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں