لاہور: پاکستان ون ڈے اسکواڈ کا تربیتی کیمپ 19 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ون ڈے اسکواڈ کے تربیتی کیمپ کا اعلان کر دیا ہے جو 19 مارچ سے لاہور میں شروع ہوگا۔ اس کیمپ میں کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کوچز کی زیر نگرانی تربیت حاصل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی ون ڈے سیریز کے لیے تیار کرنا ہے جب کہ یہ تربیتی کیمپ پانچ دن تک جاری رہے گا اور 23 مارچ کو اختتام پذیر ہوگا۔
کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو مختلف فزیکل اور تکنیکی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکیں۔
اس کیمپ میں پاکستان کے اہم کھلاڑی بابر اعظم، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، عاکف جاوید، فہیم اشرف، نسیم شاہ، محمد وسیم جونیئر اور طیب طاہر شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ 29 مارچ کو نیپئیر میں شیڈول ہے اور قومی ٹیم کی روانگی 25 مارچ کو متوقع ہے۔




















