Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کولمبو ٹیسٹ: پاکستان نے اننگز کی فتح کے ساتھ سری لنکا کو سیریز میں وائٹ واش کردیا

کولمبو ٹیسٹ میں پاکستان نے  سری لنکا کو  ایک اننگز سے شکست دے کر سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا  کو اپنی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا  پڑا۔

پاکستان   کی پہلی اننگز میں 410 رنز کی برتری کے جواب میں سری لنکا اپنی دوسری اننگز میں 188 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور اسے اننگز اور 222 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

اینجلو میتھیوز 63 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ کپتان کرونارتنے 41 نشان مدھوشکا 33 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی نے کیریئر بیسٹ 7 وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل  چوتھے  روز پاکستان نے صرف دو اوورز کھیل کر محمد رضوان کی نصف سنچری کے بعد اننگز  576 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی تھی۔

 پاکستان کو پہلی اننگز میں سری لنکا پر  410 رنز کی برتری حاصل  ہوئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 201  اور آغا سلمان نے ناقابل شکست 132 رنز بنائے تھے۔سعود شکیل  57 ،شان مسعود 51 اور  محمد رضوان 50 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے تھے۔

کپتان بابر اعظم 39 اور امام الحق 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئےتھے۔ سرفراز احمد 14 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے  تھےاور محمد رضوان کو ان کی جگہ کنکوژن متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سری لنکا نے ٹاس جیت کر بظاہر بیٹنگ کے لیے سازگار وکٹ پر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا  تھا  تاہم پوری ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

سری لنکن ٹیم ابتداء سے ہی مشکلات کا شکار رہی  تھی اور دھننجیا ڈی سلوا (57) کے علاوہ کوئی بلے باز ٹک کر نہ کھیل سکا تھا۔ دنیش چندیمل 34 اور رمیش مینڈس 27 رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے تھے۔

پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4، نسیم شاہ نے 3 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ یہ سری لنکا کی اپنی سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی شکست ہے۔ اس سے قبل 1998 میں جنوبی افریقہ نے  اننگز اور 208  رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

اس سیریز میں فتح کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم سری لنکن سرزمین پر پانچ ٹیسٹ سیریز جیتنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں