سابق کپتان شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کو آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کا اہم ہتھیار قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہیں بینو قادر ٹرافی میں دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف شاہین پاکستان کا اہم ہتھیار ہوگا، آسٹریلوی کنڈیشنز میں شاہین کو بولنگ کرنے کا مزہ آئے گا۔ وہ کسی بھی بیٹر کے لیے مشکلات پیدا کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ آسٹریلیا اپنی کنڈیشنز میں بہت خطرناک ٹیم ہے۔ آسٹریلیا کی موجودہ ٹیم کا بیٹنگ آرڈر بہت تگڑا ہے۔
انہوں نے کہا خوش قسمت ہوں کہ آسٹریلیا کے بہترین کھلاڑیوں کے خلاف کرکٹ کھیلی۔ میں شین وارن سے بولنگ ٹپس لیتا تھا، وہ ایک شاندار کرکٹر اور فائٹر کھلاڑی تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا۔




















