Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سنچورین ٹیسٹ: گھر کے شیر، جنوبی افریقا میں ڈھیر

جنوبی افریقا نے بھارت کو  سنچورین ٹیسٹ میں تین دن میں اننگز کی شکست سے دوچار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق سنچورین میں کھیلے گئے باکسنگ ڈے ٹیسٹ  کی دوسری اننگز میں بھارتی ٹیم 131 رنز پر ڈھیر ہوکر اننگز اور 32 رنز سے شکست کھا گئی۔

ویرات کوہلی 76 اور شبمان گل 26 رنز بناکر نمایاں رہے، دیگر کوئی بلے باز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہوسکا۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ناندرے برگر  نے 4، مارکو جینسن نے 3 اور کگیسو ربادا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقا نے  اپنی پہلی اننگز میں ڈین ایلگر (185) کی شاندار سنچری کی بدولت 408 رنز بنائے تھے۔مارکو جینسن نے ناقابل شکست 84 اور ڈیوڈ بیڈنگھم نے 56 رنز بنائے تھے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 4، محمد سراج نے 2 جبکہ شردل ٹھاکر ، پراسیدھ کرشنا اور روی چندرن ایشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

یاد رہے کہ جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی تو بھارتی ٹیم 245 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی تھی۔

کے ایل راہول 101، ویرات کوہلی 38 اور شریاس ایئر 31 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے کگیسو ربادا  نے 5، ناندرے برگر  نے 3  جبکہ مارکو جینسن  اور جیرالڈ کوئٹزے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

متعلقہ خبریں