آسٹریلوی وزیر اعظم نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرنے سے متعلق معاملے پر کرکٹر عثمان خواجہ کی حمایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں عثمان خواجہ کے ردعمل کی آسٹریلوی وزیراعظم نے بھی حمایت کردی۔
سڈنی ٹیسٹ میچ کے آغاز سے قبل آسٹریلوی وزیراعظم اینتھونی البانی نے دونوں ٹیموں کے اعزاز میں عشائیہ رکھا تھا۔
اس موقع پر انہوں نے عثمان خواجہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں (خواجہ) کو اس جرات کے لیے مبارکباد دینا چاہوں گا کہ انہوں نے انسانی اقدار کے لیے آواز بلند کی ، انہوں نے ہمت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ٹیم نے ان کی حمایت کی۔
یاد رہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران عثمان خواجہ نے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتےہوئے اپنے جوتوں پر ’سب کی زندگیاں برابر ہیں‘ اور ’آزادی سب کا حق ہے‘ جیسے نعرے درج کیے تھے۔
آئی سی سی نے انہیں میچ کے دوران اس مبینہ سیاسی پیغام والے جوتوں کو پہننے پر پابندی عائد کردی تھی جس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے عثمان خواجہ نے سیاہ پٹی باندھ کر میچ کھیلا تھا ۔
تاہم آئی سی سی نے اس اقدام پر بھی ایکشن مٰیں آتے ہوئے عثمان خواجہ کو چارج کردیا تھا۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ کی درخواست پر انہیں رواں سیزن میں بگ بیش میچ کے دوران بیٹ پر امن کی علامت فاختہ کی تصویر لگانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔




















